73

اسرائیل نے 16 سالہ فلسطینی لڑکی کو فائرنگ سے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

اسرائیلی فوج نے 16 سالہ فلسطینی لڑکی کو گولی مارنے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے غیر ارادی قرار دے دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 16 سالہ فلسطینی لڑکی(Jana Zakarneh) اتوار کی رات مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک چھاپے کے دوران جاں بحق ہوگئی تھی۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق 16 سالہ لڑکی کو غیر ارادی طور پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، غیر ملوث شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کے چچا کا کہنا ہے کہ ان کی بھتیجی کے چہرے پر 2 جبکہ گردن اور کندھے پر ایک ایک گولی ماری گئی۔
جاں بحق ہونے والی لڑکی کے چچا نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج شدید فائرنگ کررہی تھی، لڑکی اس وقت اہلخانہ کے ساتھ گھر کے اندر موجود تھی، لوگوں کی چیخ و پکار سُن کر وہ چھت پر دیکھنے گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج 20 منٹ بعد علاقے سے چلی گئی جس کے بعد والد نے چھت پر جاکر دیکھا تو ان کی بیٹی خون میں لت پت پڑی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رہائشیوں نے اسرائیلی اسنائپرز کو قریبی عمارت پر کھڑے دیکھا جن میں سے ایک نے بظاہر لڑکی کو گولی ماری۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی لڑکی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکی کی، اس موقع پر خواتین سمیت شرکا میں ہر آنکھ آشکبار تھی۔
دوسری جانب فلسطین کی خبر ایجنسی کا اسرائیلی فوج کے چھاپے سے متعلق بتانا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مزید 2 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق رواں سال مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 165 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں