5

جین تھراپی سینٹر آف ایکسیلنس کا قیام، سندس فاؤنڈیشن اور گلوبل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن برطانیہ کے درمیان ایم او یو سائن

اسلام آباد: پاکستان میں تھیلیسیمیا کے مستقل علاج کی جانب ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندس فاؤنڈیشن پاکستان اور گلوبل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن (برطانیہ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ہیں جس کے تحت پاکستان کا پہلا جدید جین تھراپی سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔
ڈائریکٹر سندس فاؤنڈیشن ائر وائش مارشل ریٹائرڈ آفتاب حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس شراکت داری کا مقصد تھیلیسیمیا کے مریضوں کو روایتی علاج سے آگے بڑھتے ہوئے جین تھراپی کے ذریعے مستقل علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے میں سندس فاؤنڈیشن کے پاکستان بھر میں خون کی محفوظ فراہمی اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے وسیع تجربے کو گلوبل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن برطانیہ کی جدید تحقیق، بین الاقوامی مہارت اور تکنیکی تعاون سے یکجا کیا جائے گا۔
بانی و صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ جین تھراپی سینٹر آف ایکسیلنس جدید جینیاتی اور سیلولر ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کے بنیادی جینیاتی نقص کو درست کرنے پر کام کرے گا، جس سے عمر بھر خون لگوانے کی ضرورت ختم ہونے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آئرن اوورلوڈ، اعضا کو نقصان اور دیگر پیچیدگیوں کے خطرات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
اس منصوبے سے نہ صرف مریضوں اور ان کے خاندانوں پر علاج کے مالی، جسمانی اور ذہنی بوجھ میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان میں عالمی معیار کی جین تھراپی کی سہولت دستیاب ہونے سے بیرون ملک علاج کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔ یہ مرکز طبی تحقیق، جدید علاج اور صحت کے شعبے میں افرادی قوت کی تربیت کا قومی مرکز بھی بنے گا۔
تقریب کے دوران دونوں اداروں کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ تھیلیسیمیا میں مبتلا ہزاروں بچوں کو صحت مند اور خودمختار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرے گا۔ جین تھراپی سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے منصوبہ بندی اور بنیادی ڈھانچے کی تیاری کا آغاز فوری طور پر کیا جائے گا۔
1998ء میں قائم ہونے والی سندس فاؤنڈیشن پاکستان بھر میں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا، بلڈ کینسر اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت، محفوظ اور اسکرین شدہ خون کی فراہمی اور طبی خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ گلوبل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن برطانیہ خون کی موروثی بیماریوں کے خاتمے کے لیے تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے لیے سرگرم ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں