131

زونگ فورجی کے ڈیٹا نیٹ ورک میں سال2024کی پہلی ششماہی کے دوران 400نئی 4Gسائٹس کا اضافہ

پاکستان کے معروف ٹیلی کام آپریٹر زونگ فورجی نے سال 2024کی پہلی ششماہی کے دوران اپنے ڈیٹا نیٹ ورک کو مزید وسیع کرتے ہوئے 400سے زائد 4Gسائٹس کا اضافہ کیا ہے۔ یہ کامیابی پاکستان کے دوسرے بڑے ڈیٹا نیٹ ورک کے طوپر زونگ فورجی کی پوزیشن کو مستحکم کرتی ہے۔ زونگ فورجی پورے پاکستان میں ڈیٹا تک رسائی کویقینی بنانے کے عزم کے تحت49ملین صارفین کو سروسز فراہم کررہاہے۔ یہ کوشش وسیع اور بااعتماد کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے لیے کمپنی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ زونگ فورجی نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنے نیٹ ورک کو جدید بنانے کا بڑا منصوبہ مکمل کیا ہے۔ زونگ فورجی نے 2T2R ٹیکنالوجی کو جدید 8T8R ٹیکنالوجی میں تبدیل کیا ہے اور سی پیک روٹ کے ساتھ دور دراز علاقوں میں منصوبوں کے ذریعے اپنے صارفین کے تجربے کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی۔ نیٹ ورک کی پائیداری کے لیے اپنی وابستگی کے ایک اہم حصے کے طور پر،زونگ فورجی نے سال 2024کی پہلی ششماہی کے عرصہ میں 1400 سے زیادہ پاور اپ گریڈ مکمل کیے ہیں، ان میں لی لون سالوشنز(Li-Ion solutions) بھی شامل ہیں، جو روایتی پاور بینکوں کے مقابلے میں تیزرفتاراورزیادہ عرصہ تک چلنے والی بیٹری چارجنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ہواؤے اور ZTE کے حکام نے بھی زونگ فورجی کے ساتھ مل کر ان کامیابیوں کا جشن منایا اور مستقبل کی کوششوں میں اپنی مسلسل حمایت کااعادہ کیا۔

زونگ فورجی کی قیادت نے اہداف کے حصول میں انجینئرنگ اور کمرشل ٹیموں کو ان کی انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کمرشل ٹیموں کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کاروبار کی ترقی میں کوششوں پر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی مکمل مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

زونگ فورجی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر مسٹر لیو جیان ہوئی(Lu Jianhui) نے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ،”نیٹ ورک کو وسیع کرنے اور جدت کی یہ کامیابیاں ہماری انجینئرنگ اورکمرشل ٹیموں کی محنت اور باہمی تعاون کے جذبے کا ثبوت ہیں۔ ہم بے مثال سروسز کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہیں۔ اپنے صارفین اور پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے ہم اپنے شراکت داروں، ہواؤے اور ZTE کے مسلسل تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں جس کی بدولت ہم بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہیں۔“

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں