بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کے بھتیجے نشانت کا کہنا ہے کہ اداکار کی اہلیہ اور بیٹی ان کی موت کے غم سے نڈھال ہیں۔
ستیش کوشک کے بھتیجے نشانت نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں میڈیا کو بتایا کہ ششی آنٹی اور ونشیکا معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن ابھی وہ موت کے غم سے نڈھال ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ششی آنٹی خاموش رہ کر انکل کی یادوں کو دہراتی رہتی ہیں جبکہ ونشیکا مہمانوں کے سامنے کچھ نہیں کہتی اور بے چینی محسوس کرنے لگتی ہے تو کسی کونے میں جاکر اکیلے بیٹھ جاتی ہے، اس پوری فیملی کی زندگی تھم سی گئی ہے۔
نشانت کا اپنے انکل ستیش کوشک کے بارے میں کہنا ہے کہ ستیش انکل زندگی سے بھرپور انسان تھے، وہ کبھی آرام کرنے کے لیے کسی کونے میں بیٹھتے تو جلد ہی اٹھ کر کچھ نہ کچھ اور کرنا شروع کردیتے تھے، وہ کبھی بھی فارغ نہیں بیٹھ سکتے تھے اور موت سے قبل بھی وہ’کاغذ 2‘ کی ایڈیٹنگ میں بہت مصروف تھے۔
واضح رہے کہ 66 سالہ اداکار ستیش کوشک 9 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے اور ممبئی میں ان کی آخری رسومات میں کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
اداکار کی یوں اچانک موت کے بعد وکاس مالو نامی ایک بزنس مین کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگایا ہے۔
دوسری جانب، پولیس نے بھی دہلی کے اس فارم ہاؤس سے کچھ مشکوک ادویات برآمد کی ہیں جہاں ستیش کوشک نے اپنی موت سے قبل ایک پارٹی میں شرکت کی اور پھر مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پولیس نے ان ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے اور اب اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جا سکے گا کہ ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔
69