صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شہزاد رائے کو ایجوکیشنل ریفارمز اینڈ چائلڈ سپورٹ میں خدمات انجام دینے پر ایجوکیشن ایکسی لینس ایوارڈ دیا ہے۔
اس حوالے سے ایوان صدر میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی۔
اس موقع پر چند دیگر ماہرین تعلیم کو بھی ایوارڈز دیے گئے جن میں اخوت فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر محمد اجمل ثاقب بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شہزاد رائے معروف گلوکار اور زندگی فاؤنڈیشن کے بانی صدر ہیں۔ وہ ملک کے لیے مثالی خدمات انجام دینے پر تمغہ امتیاز، ستارہ ایثار اور ستارہ امتیاز حاصل کرچکے ہیں۔
انکی انتھک جدوجہد کی وجہ سے قومی اسمبلی بچوں پر تشدد کو جرم قرار دینے پر مبنی قانون بنا چکی ہے، اس سے قبل بچوں پر نیک نیتی کے ساتھ مار پیٹ قابل قبول تھی۔
آہنگ اور زندگی ٹرسٹ کی مسلسل کوششوں سے آہنگ کا ایل ایس بی ای نصاب سندھ کے اسکولوں کے نصاب میں شامل کیا گیا، امید ہے کہ اس سے لاکھوں بچوں کو ظلم اور زیادتی سے محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔
74