وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہحکومت پی ٹی آئی مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے سے متعلق کوئی بات یا پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حکومت نے بھی پی ٹی آئی کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق کوئی پیشکش نہیں کی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسٹیبشلمنٹ کے ساتھ کوئی بیک ڈور رابطہ بحال نہیں ہوا ہے۔ مذاکرات کا تیسرا دور اگلے ہفتے لے کر جانے کی بات بھی پی ٹی آئی کی طرف سے آئی تھی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی نے کہا بانی سے رہنمائی حاصل کرنی ہے مزید وقت چاہیے، سلمان اکرم راجا اور علی امین گنڈاپور نےاجلاس میں بات کی اور مثبت باتیں کیں، آج کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین کا انداز بہت مثبت تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کےلیے کوئی شرط نہیں رکھی، ہم جب اپوزیشن میں تھے تب بھی مذاکرات کی پیشکش کی تھی، ہم نے پی ٹی آئی کی کمیٹی سے بغیر کسی شرط کے بات چیت کی ہے، پی ٹی آئی مطالبات لکھ کر دے گی تو جواب بھی ہم بلیک اینڈ وائٹ میں دیں گے۔