لاہور- ٹیوٹرپاکستان-( میاں عصمت سے ) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا32واں اجلاس،پنجاب کابینہ کا مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے بڑا فیصلہ
پنجاب کابینہ نے فلور ملوں کو گندم کے اجراء کے حوالے سے عبوری پالیسی 2020-21ء کی منظوری دے دی
سرکاری گندم کے اجراء سے مارکیٹ میں 20کلوکاآٹا تھیلا1050روپے سے کم ہوکر850روپے پر دستیاب ہوگا
فلور ملوں کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائیگی،گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی
محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دیگا،سرکاری گندم کے اجراء کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری
معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں،صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائینگے:عثمان بزدار
پوری ٹیم محنت کیساتھ کام کررہی ہے،عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائیگا،ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنائینگے
بزدار حکومت ایک اور قدم آگے،تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات،متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا
تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے
نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے این او سی کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا،این او سی کا اجراء اب چند ہفتے میں ہوگا
پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے
عوام کو فائلیں اٹھائے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی، کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا گیا ہے
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات، حلقوں کے مسائل اورفلاح عامہ کے منصوبوں کے حوالے سے گفتگو
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرداً فرداً اراکین پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی
بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کی شدید مذمت، بھارتی فوج نے انسانیت کے سینے میں گولی ماری ہے

ایسی درندگی اور بربریت کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا، یہ دلخراش واقعہ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے
لاہور2 جولائی :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا32واں اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ نے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فلور ملوں کو گندم کے اجراء کے حوالے سے عبوری پالیسی 2020-21ء کی منظوری دی۔سرکاری گندم کے اجراء سے مارکیٹ میں 20کلوکاآٹا تھیلا1050روپے سے کم ہوکر850روپے پر دستیاب ہوگا۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فلور ملوں کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائے گی- گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی۔محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے سرکاری گندم دو ماہ قبل فلور ملوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔سرکاری گندم کے اجراء کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔محکمہ خوراک 30روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی اورپنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014ء میں ترمیم کا ڈرافٹ بل منظور کیاگیا۔
اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیر انتظام سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں Punjab Infectious Diseasesآرڈیننس2020 ء پر موثر عملدرآمد کے لئے ترامیم کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب اربن ان مووایبل پراپرٹی ٹیکس رولز 1958ء میں ترامیم کی منظوری دی۔اجلاس میں ملتان میں ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 13 مئی 2020ء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21ء کے بارے میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے 26 ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔پوری ٹیم محنت کے ساتھ کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو آکسیجن کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آکسیجن کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

بزدار حکومت ایک اور قدم آگے،تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات،متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا: وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے۔نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں /این او سی کے حصول کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔این او سی کا اجراء آئندہ مقرر کردہ مدت میں چند ہفتے میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوام کو فائلیں اٹھائے متعدد سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی اور کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا گیا ہے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، کارپوریشنز اور ایجنسیوں سے متعلقہ دستاویزات ای خدمت مرکز میں ایک چھت تلے میسر ہوں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ان اصلاحات سے معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہے گا اور کنسٹرکشن سیکٹر میں نوکریوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے ای خدمت پورٹل یا موبائل اپ کے علاوہ 08009100 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔
اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات، حلقوں کے مسائل اورفلاح عامہ کے منصوبوں کے حوالے سے گفتگو:وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرداً فرداً اراکین پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے اور کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی، محمد غیاث الدین، اظہر عباس، غضنفر علی خان، محمد فیصل خان نیازی، نشاط احمد خان ڈاھا اور دیگر شامل تھے۔ چیف وہپ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اور طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کے واقعہ کی شدید مذمت: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی فوج نے پوری انسانیت کے سینے میں گولی ماری ہے۔ ایسی درندگی اور بربریت کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ یہ دلخراش واقعہ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے اور اقوام عالم کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی سفاکانہ اقدامات سے مودی سرکار کی درندگی آشکار ہو گئی ہے۔ بھارت ایک عرصے سے ماورائے عدالت کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ بھارت کے کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ناپاک عزائم ناکام ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں بچے اور خواتین بھی محفوظ نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے ظلم کو روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
232