73

سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے گھناؤ نے واقعہ پر پنجاب قرآن بورڈ کی شدید مذمت

سویڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے گھناؤ نے واقعہ پر پنجاب قرآن بورڈ کی شدید مذمت
حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس منعقد
لاہور ( پ ر )حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے ہجویری ہال داتاؒ دربار میں،ڈائریکٹرجنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں سویڈن میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی جانب سے قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے گھناؤ نے واقعہ کی،پنجاب قرآن بورڈ شدید مذمت کرتا ہے۔ اس سے دنیا کے مختلف خطوں میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی شدید دلآزاری اورمذہبی ودینی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین مولانا قاری محمدحنیف جالندھری اوردیگر بورڈ ممبران جن میں ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،ڈاکٹر محمدحسین اکبراور ڈاکٹر عبدالغفور راشد بطور خاص شامل ہیں، نے اپنے اعلامیے میں کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان نہ صرف رواداری اورپُر امن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل پیرا اور ہمیشہ دوسرے مذاہب کی مذہبی اقدار وروایات کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے، بلکہ ایک مسلمان کے ایمان کی تکمیل ہی تب ممکن ہے جب وہ،خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ، ایک لاکھ چوبیس ہزار دیگر انبیا پر بھی ایمان لاتا اور قرآن مجید سمیت تمام الہامی کتابوں کو مُنَزَّل مِنَ اللّٰہ مانتا ہے۔ اندریں حالات مسلمان بھی دیگر مختلف عقائد ونظریات کے پیروکاروں سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور دینی اقدار کو ملحوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بیحرمتی کا حالیہ واقعہ ”اسلاموفوبیا”کی انتہائی خطرناک صورت کی غماز ہے،جو دینِ اسلام کی روزافزوں اثر آفرینی اور حقانیت وصداقت کی ترویج وتبلیغ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور بند باندھنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ یہ منفی حربے اور گھناؤنے ہتھگنڈے کبھی کامیاب نہ ہوسکیں گے۔ ایسے توہین آمیز واقعات اور اشتعال انگیز رویے سے عالمی امن کے متاثر ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ اس سے بین المذاہب مکالمے کی فضا کو نقصان پہنچے گا،ایسے انتہا پسندانہ رویوں کو آزادیء اظہار سے موسوم کرناصریحاً ناانصافی ہے۔ عالمی برادری ایسے متشددانہ رویوں کی بیخ کنی کی طرف متوجہ ہو۔ ممبران قرآن بورڈ نے اپنے اعلامیے میں مزید کہا کہ قرآن عالمگیر ہدایت کا امین اور بنی نوع انسان کے لیے خدا کا آخری پیغام ہے، جس سے انسانیت کو قیامت تک راہنمائی میسر آئے گی۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں