256

سینٹر بشریٰ انجم بٹ اور اداکارہ ریشم کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں سے ملاقات، جشن آزادی کا کیک کاٹا، تحائف تقسیم کیے

لاہور (خصوصی نمائندہ) سینٹر بشریٰ انجم بٹ اور معروف اداکارہ و سماجی کارکن ریشم نے سندس فاؤنڈیشن لاہور کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا بچوں کی عیادت کی اور ان کے ساتھ جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔

سندس فاؤنڈیشن آمد پر معزز مہمانوں کا استقبال ڈائریکٹر خالد عباس ڈار نے کیا۔ اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان گیلانی نے مہمانوں کو ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور انہیں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر خون کی بیماریوں کے حوالے سے فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
دورے کا آغاز بچوں کے وارڈز کے معائنے سے ہوا، جہاں سینٹر بشریٰ انجم بٹ اور ریشم نے زیر علاج بچوں سے شفقت بھرے انداز میں ملاقات کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس دوران بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
دورے کے دوران جشن آزادی کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں معزز مہمانوں نے بچوں کے ہمراہ سبز و سفید کیک کاٹا اور قومی نغموں کی دھن پر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ بچوں کی مسکراہٹوں، جوش و خروش اور مہمانوں کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس علی رؤف اور چیف آپریٹنگ آفیسر عبدالستار بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمانوں کو ادارے کی جاری فلاحی سرگرمیوں، عطیہ خون کی مہمات، اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
سینٹر بشریٰ انجم بٹ اور ریشم نے سندس فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور معاشرے کے تمام طبقوں کو چاہیے کہ اس کارِ خیر میں اپنا کردار ادا کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں