: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر سرپرستی جاری دھی رانی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 5600 سے زائد مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا آغاز 15 اکتوبر سے کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ لاہور میں منعقدہ دھی رانی پروگرام سے متعلق صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کے نویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بذریعہ ویڈیو لنک کی۔
اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں دھی رانی پروگرام کے تحت 5600 سے زائد کیسز کی منظوری دی گئی۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام مستحق بچیوں کی فلاح و بہبود کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ 5000 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا ہدف تھا، الحمدللہ اب 5600 سے زائد شادیاں کروانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام میں 9000 سے زائد درخواستوں کی وصولی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ دھی رانی جیسے منصوبے ریاستِ مدینہ کا عملی نمونہ ہیں، اور وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ ثابت کیا ہے کہ “ریاست ماں کے جیسی ہوتی ہے”۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر شفافیت اور بہترین حکمتِ عملی کے تحت اس پروگرام کو جاری رکھے گا۔
صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو آئندہ تقریبات کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی، جبکہ اجلاس کے شرکاء نے پروگرام کی بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی