204

انڈیا ٹیم کا پاکستان کے خلاف فتوحات کا سلسلہ جاری،ٹی 20 میں 61 رنز سے ہرا دیا

میگا کرکٹ ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے 27 ویں میچ میں بھارت نے پاکستانی ٹیم کو 61 رنز سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دیا لیکن گرین شرٹس 18 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کپتان سلمان علی آغا سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 34 کے مجموعی اسکور پر صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

گرین شرٹس کی طرف سے عثمان خان 44، شاہین شاہ آفریدی 23 رنز ناٹ آؤٹ، شاداب خان 14 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، ابرار احمد اور عثمان طارق کھاتہ بھی نہ کھول سکے جبکہ صائم ایوب 6، سلمان علی آغا اور محمد نواز 4، 4 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

بھارت کی طرف سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمرا، ورون چکرورتی، اکشر پٹیل نے 2، 2 جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادو نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 175 رنز بنائے تھے، ایشان کشن نے 77 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی اور ٹیم کے اچھے ہدف میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سوریا کمار 32، شیوم دوبے 27 اور تلک ورما 25 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ ابھیشیک شرما، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل صفر رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ رنکو سنگھ نے 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

گرین شرٹس کی طرف سے صائم ایوب کامیاب ترین بولر رہے، انہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز دے کر 3 وکٹ لیں، آخری اوور میں لگاتار 2 گیندوں پر 2 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

پاکستان کی طرف سے کپتان سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق نے 1،1 وکٹ اپنے نام کیں۔

میچ کے دوران آئی سی سی چیف جے شاہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق بھارتی کپتان روہت شرما اور سری لنکن بورڈ آفیشلز اسٹیڈیم میں موجود تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں