لاہور کے علاقوں کے آخر میں “گنج” کیوں آتا ہے؟
لاہور صرف باغوں، بازاروں اور دروازوں کا شہر نہیں، بلکہ “ناموں کی تاریخ” بھی ہے۔ یہاں ہر محلے، ہر گلی اور ہر بستی کا نام اپنے اندر ایک الگ داستان سموئے ہوئے ہے۔ گزشتہ کچھ دن ایک سروے کے سلسلے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں جانے کا اتفاق ہوا جس میں علاقے کے دلچسپ اور تاریخی نام سامنے آئے۔
انہی ناموں میں ایک لفظ بار بار سامنے آتا ہے: “گنج”
بلال گنج، طالب گنج، اسلام گنج، رام گنج، گنجِ مغل پورہ.
آخر یہ “گنج” کیا ہے؟
📖 “گنج” کا مطلب
“گنج” فارسی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں:
“خزانہ، ذخیرہ یا کسی چیز کی فراوانی والی جگہ۔”
برصغیر میں وقت گزرنے کے ساتھ اس لفظ کا مفہوم وسیع ہو گیا اور یہ آباد بستی، بازار، تجارتی مرکز یا کسی شخصیت کے نام پر قائم ہونے والی آبادی کے لیے بھی استعمال ہونے لگا۔
اسی لیے لاہور، دہلی، لکھنؤ، امرتسر اور برصغیر کے کئی تاریخی شہروں میں “گنج” والے علاقے آج بھی موجود ہیں۔
📍 لاہور کے مشہور “گنج”
🔹 بلال گنج
حضرت داتا گنج بخشؒ (داتا دربار) کے عقب، بھاٹی گیٹ کے نزدیک واقع ہے۔
اس علاقے کی شناخت آج پورے پاکستان میں استعمال شدہ آٹو پارٹس، اسکریپ اور گاڑیوں کے پرزہ جات کی سب سے بڑی مارکیٹ کے طور پر ہے۔ ملک بھر سے مکینک، ورکشاپ مالکان اور تاجر یہاں خریداری کے لیے آتے ہیں۔
🔹 طالب گنج
رائے ونڈ روڈ پر شیر شاہ کالونی، اتحاد ٹاؤن اور دبئی ٹاؤن کے قریب واقع قدیم آبادی۔
بہت سے لوگ اسے اندرون لاہور کا حصہ سمجھتے ہیں، حالانکہ یہ شہر کے جنوب مغربی حصے کی ایک پرانی بستی ہے، جو لاہور کے پھیلاؤ کے باوجود آج بھی اپنے تاریخی نام سے پہچانی جاتی ہے۔
🔹فاروق گنج
ایک موریہ پل کے عقب، سرکلر روڈ کے قریب واقع لاہور کا قدیم محلہ۔
یہ علاقہ مِصری شاہ، شیرانوالہ گیٹ اور ریلوے اسٹیشن کے درمیان واقع پرانی آبادیوں میں شمار ہوتا ہے۔ اگرچہ اس کا ذکر عام طور پر لاہور کے مشہور محلوں میں کم آتا ہے، لیکن پرانے نقشوں میں Farooq Gunj Mohalla کے نام
سے اس کی نشاندہی موجود ہے۔
🔹 اسلام گنج
چوبرجی، مزنگ اور ریواز گارڈن کے درمیان واقع قدیم محلہ۔
یہ لاہور کی پرانی آبادیوں میں شمار ہوتا ہے اور اس کا نام کئی دہائیوں سے شہر کے نقشوں اور سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے۔
🔹 رام گنج
اسلام پورہ، کرشن نگر اور سنت نگر کے اطراف واقع تاریخی علاقہ۔
تقسیمِ ہند سے قبل یہاں ہندو آبادی بڑی تعداد میں آباد تھی۔ اگرچہ وقت کے ساتھ آبادی اور محلوں کی ساخت بدل گئی، مگر رام گنج کا نام آج بھی لاہور کی تاریخ میں محفوظ ہے۔
🔹 گنجِ مغل پورہ
مغل پورہ ریلوے ورکشاپ کے نزدیک واقع قدیم محلہ۔
یہ علاقہ مغل دور کی آبادیوں اور بعد ازاں ریلوے کے قیام کے باعث لاہور کی شہری تاریخ میں اہم مقام رکھتا ہے۔
میرے ذہن میں یہ سوال آیا کہ کیا تمام “گنج” والے علاقے اندرون لاہور میں ہیں؟
تو اس کا جواب نہیں ہے کیونکہ بلال گنج، اسلام گنج اور بعض دیگر علاقے قدیم لاہور کے قریب ضرور ہیں، مگر “طالب گنج” اس بات کی واضح مثال ہے کہ “گنج” صرف اندرون شہر تک محدود نہیں۔ مختلف ادوار میں لاہور کے پھیلاؤ کے ساتھ نئی آبادیاں بھی اسی روایت کے تحت وجود میں آتی رہیں۔
لاہور کے نام بھی تاریخ سناتے ہیں
لاہور کے محلوں کے نام محض پتے نہیں بلکہ تاریخ جھلک ہیں جو تاریخ کی زندہ دستاویز ہیں۔
🔸 گنج = آباد بستی یا تجارتی مرکز
🔸 پورہ = آبادی یا بستی
🔸 باغ = باغات والا علاقہ
🔸 کوٹ = قلعہ یا فصیل والی آبادی
🔸 کٹڑا = مخصوص پیشے یا برادری کی رہائش
🔸 چوک = مرکزی مقام
🔸 دروازہ = فصیلِ لاہور کا داخلی راستہ
یہی وجہ ہے کہ لاہور کو صرف زندہ دلوں کا شہر نہیں بلکہ “تاریخ بولنے والا شہر” بھی کہا جاتا ہے۔
“لاہور کے یہ نام صرف جگہیں نہیں یہ شہر کے پھیلاؤ، تجارت اور تاریخ کی زندہ تہہ در تہہ کہانیاں ہیں۔”
لاہور گردی کی آنے والی تحریروں میں ہم ان پر بھی بات کریں گے۔
کیا آپ کے علم میں لاہور کا کوئی اور “گنج” والا علاقہ ہے؟ یا آپ خود ایسے کسی علاقے میں رہتے ہیں؟ کمنٹس میں ضرور بتائیں
لاہور گردی کی قسط نمبر 2 کے لیے جمعرات کا انتظار کریں۔