ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمائیوں دلاور کر رہے ہیں۔
عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور امجد پرویز پیش ہوئے ہیں۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث اور خالد یوسف بھی عدالت میں موجود ہیں۔
ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا بھی عدالت پہنچ گئے۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے قابلِ سماعت ہونے پر درخواست دائر کی ہے، درخواست الیکشن ایکٹ سیکشن 190 اے کے تحت دائر کی گئی، سیشن عدالت توشہ خانہ کیس کی براہِ راست سماعت نہیں کر سکتی، توشہ خانہ کیس کا تا حال نہ ٹرائل شروع ہوا، نہ انکوائری شروع ہوئی، سیشن عدالت کو سماعت سے قبل الیکشن ایکٹ سیکشن 190 اے سے گزرنا ہو گا۔
اس موقع پر وکیل خواجہ حارث نے مختلف عدالتوں کے فیصلے پڑھ کر سنائے اور کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے شکایت کرنے کا قانونی طریقہ کار درست نہیں، شکایت مجسٹریٹ کی عدالت میں جانے کے بعد سیشن کورٹ جانی چاہیے، سیشن عدالت کے پاس شکایت براہِ راست نہیں جا سکتی، الیکشن ایکٹ سیکشن 190 کو شکایت دائر کرنے سے پہلے مدِ نظر رکھنا ضروری ہے، الیکشن ایکٹ سیکشن 190 کے تحت شکایت الیکشن کمیشن کو دائر کرنی چاہیے، الیکشن ایکٹ سیکشن 190 کو نظر انداز کر کے توشہ خانہ کیس پر سماعت شروع کی گئی۔
74