ترکیہ کے صوبوں شانلی عرفہ اور کہرامان مراش میں سکول فائرنگ کے افسوسناک واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کر نے کیلئے وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیراوغلو سے ملاقات کی اورمعصوم قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پروفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے معصوم بچوں کی جانیں لینے کے عمل کو انتہائی سفاک اور انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس امرپر زور دیا کہ نفسیاتی مسائل کے بروقت حل اور اسلحے سے تشدد کی روک تھام کو ترجیح دی جانی چاہیے جبکہ مضبوط خاندانی نظام ایسے واقعات کے سدباب میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ معاشرتی استحکام اور اجتماعی ذمہ داری کے ذریعے ہی ایسے سانحات سے بچا جا سکتا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیراوغلو نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور پاک ترکیہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مشرق وسطیٰ امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مثبت اور فیصلہ کن کردار کو بھی سراہا گیا۔
11