پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ لاہور میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معزز ایرانی سفیر اور قونصل جنرل کا پر تپاک و پر خلوص خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،توانائی اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاک ایران تعلقات کو بلندیوں کے نئے افق تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کی پاکستان آمد پرلاہور میں خیرمقدم کرنا خوشگوار تجربہ تھا۔ ایرانی صدر دوراندیش، معتبر اور دانا شخصیت رکھتے ہیں۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتری کی اعلیٰ ترین سطح تک لیکر جانا چاہتے ہیں۔ جنگ کے دوران ہماری دعائیں اور ہمدردیاں ایران کے ساتھ تھیں۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ صدر رفسنجانی کے دور میں ایران کا پہلادورہ کیا اور پہلا تعلق قائم ہوا۔ ایران کے رہبر اعلیٰ کی شخصیت متاثر کن ہے۔ ایرانیوں کا علامہ اقبال کو اقبال لاہوری کہنااچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جیتنے پر ایرانی بھائیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دیتے ہیں۔ پاکستان کے معاشی حالات میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہتری آرہی ہے۔ بد قسمتی سے سابقہ دور میں ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے، اب اچھا تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کے دورے نے باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا۔پاکستان سیلاب سے شدید متاثر ہے،ایرانی عوام اور حکومت کی ہمدردی و یکجہتی دیرینہ رشتے کی عکاس ہے۔پنجاب میں سیلاب پر ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے کام کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کی وجہ سے بہت نقصان ہوا، لیکن بروقت اقدامات کی وجہ سے ہزاروں جانوں کو بچانے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، والد محمد نواز شریف بھی ہمیں ایران کے لئے دعا کرنے کا کہتے رہے۔ سٹڈی کے دوران خصوصی طور پر فارسی کا سبجیکٹ پڑھا تھا۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے باہمی تعلقات متاثرکن ہیں۔ ایرانی حکومت اور عوام12روزہ جنگ کے دوران بھرپور حمایت پر پاکستانی لیڈرشپ اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات دن بدن مضبوط ہورہے ہیں۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران سے پاکستان آنے والا وفد سب سے پہلے لاہور کا دورہ کرتا ہے، لاہور ریجنل ثقافت کے ہب کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ سیاحت اورثقافت کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے متاثر کن اقدامات کی بدولت لوگ پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔ 9 نومبر کو ایران میں اقبال ڈے منایا جائے گا، ایران کے میوزیکل بینڈ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ300 سے زائد ایرانی طلبہ پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی طلبہ میاں محمد نواز شریف کو والد کی مانند احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔غزہ کے مسئلے پر پاکستان اور پاکستان کے عوام کا موقف قابل تحسین و تقلید ہے۔جب عہدہ سنبھالا تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 3ارب روپے تھے، آج 20ارب روپے سے بھی زائد ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مہنگائی کی شرح 40 فیصد تھی، اب پانچ فیصد سے بھی کم ہوچکی ہے۔ سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور بہت محنت کررہی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی طرف سے سیلاب زدہ عوام کو ریلیف کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایران کے عوام عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہماری درخواست ہے کہ فارسی زبان کو پنجاب کی جامعات میں مزید فروغ دیا جائے۔
170