109

محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 28واں اجلاس

محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ایس سی سی ایل او کا 28 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سید عاشق حسین کرمانی اور بلال اکبر خان نے شرکت کی جبکہ وزیر قانون محمد صہیب احمد بھرتھ وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے اجلاس کو امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دی اور واضح کیا کہ قربانی کی کھالیں صرف رجسٹرڈ ادارے جمع کر سکیں گے اور کسی غیر قانونی تنظیم کو کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کے باقی میچز اور سیالکوٹ میں یکم جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے بھی سخت سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں خضدار میں بچوں کی اسکول بس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی میں آٹومیٹڈ ڈی این اے ایکسٹریکشن سسٹم کے قیام کیلئے 105 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں سات نئے تھانوں کے قیام کی منظوری دی گئی تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقامی سطح پر بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ہم آہنگی قائم رہے۔ کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر میں موجود تمام ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز کی ہوٹل آئی سافٹ سسٹم پر مکمل رجسٹریشن کی ہدایت کی۔ صوبائی وزراء نے واضح کیا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت صرف منظور شدہ اداروں کو دی جائے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں