37

مرکزی صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت استحکام پاکستان پارٹی کا مشاورتی اجلاس طلب، اہم فیصلے متوقع

حلقہ پی پی 83 نورپورتھل میں خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر و وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سینئر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔اس ضمن میں حلقے سے تعلق رکھنے والے استحکام پاکستان پارٹی کے رکن قومی اسمبلی گل اصغر بگھور نے پارٹی صدر کو تفصیلی بریفنگ دی اور حلقے کی سیاسی صورتحال، سابقہ انتخابی نتائج اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ واضح رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے ممکنہ امیدوار احسان اللہ خان نے 2024 کے عام انتخابات میں 30 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔ پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 اپریل بروز منگل دوپہر 2 بجے اسلام آباد میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت عبدالعلیم خان کریں گے جبکہ ضمنی انتخابات سمیت دیگر اہم سیاسی و تنظیمی امور پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔اجلاس میں صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، صدر شمالی پنجاب و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انجینئر گل اصغر خان بگھور سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوں گے۔ جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود اور جنرل سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے شعیب صدیقی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے،اس مشاورتی اجلاس میں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت حلقہ پی پی 83 میں مضبوط سیاسی حکمت عملی کے تحت بھرپور انداز میں حصہ لینے کے لیے متحرک ہے۔
٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں