14

پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں بلکہ “پہلا گھر ہے- رمیش سنگھ اروڑہ

گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں 327ویں عالمی وساکھی میلے کی مرکزی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف تھے، جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین ای ٹی پی بی قمر الزماں، سیکرٹری عثمان علی خان، کینیڈا اور اقوام متحدہ کے سفیروں سمیت عالمی وفود اور بھارت سے آئے 2200 سے زائد یاتریوں سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

​صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے کلیدی خطاب میں دنیا بھر سے آئے یاتریوں کو “جی آیاں نوں” کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سکھوں کا دوسرا نہیں بلکہ “پہلا گھر” ہے کیونکہ سکھ مت کا آغاز اسی پاک دھرتی سے ہوا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی ہدایت پر یاتریوں کے لیے قیام و طعام کے شاہانہ انتظامات کیے گئے ہیں۔

​رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ ​پاکستان امن کا داعی ہے؛ کشیدہ تعلقات کے باوجود ہزاروں ویزے جاری کرنا ہماری امن دوستی کا ثبوت ہے۔ بھارتی حکومت کو چاہیے کہ کرتار پور کوریڈور کو مکمل کھولے تاکہ محبتوں کا سفر جاری رہے۔ ​پنجاب بھر میں 50 سے زائد متروکہ گوردواروں کو بحال کر کے عبادت کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ ​پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور یہاں کے ذرے ذرے میں سکھ تاریخ سموئی ہوئی ہے۔

​سکھ یاتریوں نے بہترین انتظامات پر حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے تمام انتظامات کی نگرانی کی۔ صوبائی وزیر نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کا مثبت اور سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں