لاہور( ٹیوٹر پاکستان) وائس چیئرپرسن، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، جہاں آراء منظور وٹو نے

ورلڈ فوڈ پروگرام ، جی آئی زیڈ ،پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ایکٹ انٹرنیشنل کے اشتراک سے پاکستان انٹیگریٹڈ رسک انفارمڈ سسٹم فار اینٹیسیپیٹری ایکشن اِن سدرن پنجاب کے نام سے شرو ع ہونے والے منصو بےکی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،

جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ منصوبہ جنوبی پنجاب میں موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے

ہوئے خطرات جیسے سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی کے پیش نظر شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد پیشگی اقدامات کے ذریعے آفات کے اثرات کو کم کرنا، ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے نےکہا کہ یہ اقدام محض ایک منصوبے کا آغاز نہیں بلکہ ہمارے نظامِ حکمرانی میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی نے جنوبی پنجاب کو خاص طور پر متاثر کیا ہے، جہاں آفات کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں پیشگی تیاری اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ انسانی جانوں اور وسائل کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سماجی تحفظ کے ایسے نظام کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جو مربوط، لچکدار اور بدلتے ہوئے خطرات سے ہم آہنگ ہو۔ خواتین، بچوں اور کمزور گھرانوں پر خصوصی توجہ دے کر ہم ایک مضبوط اور محفوظ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ مزید برآں، وائس چیئرپرسن نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب کے سماجی تحفظ کے مختلف پروگرام، بشمول پنجاب ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پروجیکٹ کے تحت چلنے والے آغوش، خودمختار اور بنیاد پروگرامز جو پہلے ہی صحت، تعلیم اور معاشی استحکام کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ نیا منصوبہ ان اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنائے گا، تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا مقابلہ پیشگی حکمت عملی کے تحت کیا جا سکے۔
اپنے اختتامی کلمات میں وائس چیئرپرسن نے شراکت دار اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایک ایسے پنجاب کی تشکیل کرنی ہے جو نہ صرف مضبوط ہو بلکہ ہر ممکن خطرے کے لیے پہلے سے تیار بھی ہو۔ حکومتِ پنجاب اور پی ایس پی اے اس مقصد کے حصول کے لیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
53