پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کو اغوا کیا گیا ہے۔
ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے حبا فواد نےکہاکہ ہمارے گھر کے اندر8سے10پولیس والے آئے، بغیر کوئی ایف آئی آر دکھائے اٹھا کر لے گئے، یہ گرفتاری نہیں، اغوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میری یہی التجا ہے کہ ہمیں یہ تو بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت میرے شوہر کو اٹھایا ہے۔
حبا فواد کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کسی ایف آئی آر میں اٹھایا ہے تو ہمیں بتایا جائے اور اس کی کاپی دی جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ گرفتاری نہیں، یہ اغوا ہے، ہمارے گھر کے اندر8سے10پولیس والے آئے،بغیر کوئی ایف آئی آر دکھائے اٹھاکر لے گئے، اہلیہ فواد چودھری حبا فواد کی ہم نیوز سے گفتگو#ReleaseFawadChaudhary
pic.twitter.com/qia3bQwFQF— PTI (@PTIofficial) January 25, 2023
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا ہے، ان پر مقدمہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں تحریر ہے کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہوگئی ہے، جو لوگ نگراں حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے۔