معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہم منظم ہوکر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے تو دنیا سنے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم منظم ہو کر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے تو دنیا سنے گی اور بھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان مظلوم کشمیریوں کے وکیل اور ترجمان بن کر دنیا کو مقبوضہ وادی کی صورت حال سے آگاہ کررہے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات بند ہیں، کشمیری اپنی آواز دنیا تک نہیں پہنچا سکتے، آج کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اُجاگر ہوا ہے، دنیا کے ہر فورم پر آج مسئلہ کشمیر پر بات ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانا چاہتا ہے۔