وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے شیعہ علماء کونسل کے وفد نے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی قیادت میں ملاقات کی۔ شیعہ علماء کونسل کے وفد میں فوکل پرسن پنجاب قاسم علی قاسمی، علاقائی صدور سید اشتیاق حسین کاظمی، سید عامر عباس، سید ساجد حسین نقوی، سید سکندر عباس گیلانی، ڈاکٹر سید حسنات احمد و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فضل الرحمٰن، ڈی جی اوقاف انیس الرحمٰن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو، ایس ایس پی سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی و آپریشنز پولیس پنجاب اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح ایام محرم الحرام کی آمد سے قبل تمام حوالوں سے تیاریاں مکمل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے وفد کو محکمہ داخلہ میں خوش آمدید کہا۔ انکا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اللہ رب العزت نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے داعی کی حیثیت میں پذیرائی بخشی۔ موجودہ علاقائی صورتحال میں اتحاد بین المسلمین کیلئے علماء کرام کے انتہائی مثبت کردار پر مشکور ہیں۔ تمام مکاتبِ فکر خصوصاً اہل تشیع علماء کرام نے انتہائی بردباری اور بہترین اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ حکومتِ پنجاب کی بہترین حکمت عملی کے باعث ہر نازک موقع پر حالات پُر امن رہے۔ انہوں نے قیامِ امن کیلئے باہمی اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پاکستان میں تمام مکاتبِ فکر بقائے باہمی کے اصول کے تحت اتفاق سے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کا سائبر پٹرولنگ سیل نفرت انگیزی میں ملوث عناصر کیخلاف ایکشن لے رہا ہے۔ رواں سال فرقہ واریت اور انتشار پھیلانے والے 6 ہزار سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ قیام امن اور باہمی اتحاد و اتفاق کی خاطر حکومت پنجاب کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔ پاکستان کی عزت کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کیساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا۔ علماء کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا کردار پاکستان میں سب سے مثبت اور باوقار رہا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز اور عالم اسلام کیلئے دعا کی گئی
3