سینئر رہنماء و صدر مسلم لیگ ن پنجاب سینیٹر رانا ثناء اللہ خان سے استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور ممبر پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی عالمی سطح پر سفارتی خدمات کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ اس حوالے سے دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات اس وقت برابری اور دو طرفہ احترام کی بنیاد پر قائم ہیں جس کی مثال موجودہ حالات میں پاکستان کی امن کوششوں کو وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھر پور پذیرائی کا ملنا ہے۔ پی ایم ایل (این) اور آئی پی پی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کی جنگ میں اگر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت مدبرانہ اور دور اندیشی پر مبنی کردار ادا نہ کرتی تو اس وقت جنگ کے شعلے شاید آدھی دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف، فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی امن پسند سٹریٹیجی نے دنیا کو جنگ سے بچا کر امن کے راستے پر گامزن کیا ہے جس کا اعتراف ایران اور امریکہ سمیت تقریباً تمام ممالک کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں مذاکرات کا دور دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدے کی جانب بڑی پیش رفت تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی صلح کے دروازے بند نہیں ہوئے اور قوی امکان ہے کہ دونوں ممالک کے مابین جلد ہی صلح کا معاہدہ طے پا جائے گا۔ رانا ثناء اللہ خان اور شعیب صدیقی نے ملاقات کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دونوں جماعتوں کے مابین سیاسی اتحاد کو مزید مستحکم و مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کی فکری ہم آہنگی ملک میں سیاسی استحکام کیلئے نا گزیر ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی خدمات کا بھی کھلے لفظوں اعتراف کیا جس پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے اظہار تشکر کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی جنرل سیکرٹری آئی پی پی و ایم پی اے شعیب صدیقی نے مسلم لیگ ن کی وفاقی و صوبائی قیادت کو بھی بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بلا شبہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے جس میں استحکام پاکستان پارٹی کے وفاقی و صوبائی ممبران پارلیمنٹ اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی پی ایم ایل (این) اور آئی پی پی دونوں جماعتوں کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی مفاد پر مبنی سیاست کو فروغ دینے کے لئے تمام جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا
30