7

چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان اور سیکرٹری داخلہ کا ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح

وزیراعلی پنجاب جیل ریفارمز ایجنڈے پر مثالی پیشرفت، اب پنجاب کی جیلوں میں کوئی ناخواندہ نہیں رہے گا۔

پنجاب کی تمام جیلوں میں تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین وزیراعلی پنجاب ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں اسیران کیلئے لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح کیا

اور قیدی اساتذہ و طلبا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری رومان بورانہ، ڈی جی پروبیش اینڈ پیرول شاہد اقبال، ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید، ڈی آئی جی نوید رؤف، سپرنٹینڈنٹ ظہیر ورک و دیگر متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ پنجاب کی 44 جیلوں میں 176 لٹریسی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں 17،600 قیدی ایک وقت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پنجاب کی تمام بڑی جیلوں میں 15 لٹریسی سینٹرز بنائے جائیں گے جبکہ چھوٹی جیلوں میں 4 سینٹرز ہوں گے۔ جیل لٹریسی سینٹرز میں اساتذہ اور طالب علموں کو خصوصی یونیفارم دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں پڑھے لکھے قیدیوں کو ہی لٹریسی سینٹرز میں اساتذہ کا درجہ دیا گیا ہے جس پر انہوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ جیل قوانین کے مطابق تعلیم حاصل کرنے اور پڑھانے پر جیل اساتذہ اور طالب علم دونوں کو سزا میں معافی ملے گی۔ اسی طرح قوانین کے مطابق لٹریسی اینڈ بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جیل اساتذہ کو معاوضہ ادا کریگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنایا جا رہا ہے۔ جیل میں داخلے کے وقت ہر قیدی کی تعلیمی سکریننگ بھی ہو گی۔ جیل انڈسٹریز میں اسیران کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کا جدید نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ماحول اور تربیت کی فراہمی سے مجرمان کی اصلاح کیلئے مصروف عمل ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ جو قیدی تعلیم مکمل کرنے سے پہلے آزاد ہو جائیں گے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جیل سے باہر انکی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 40،000 پروبیشنرز کیلئے بھی تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور طالب علموں سے کہا کہ علم کی روشنی عام کرنے کیلئے جیلوں میں ایک بیش قیمت موقع فراہم کیا گیا ہے اس سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں پریزن ویلفئیر سٹور، اہل خانہ سے باعزت ملاقات، پریزنز ہیلتھ پروگرام جیسے مثالی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ تعلیم و تربیت اسیران کو رہائی کے بعد دوبارہ جرم سے دور رکھے گی۔تقریب سے خطاب میں ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید اور ڈی جی پروبیش اینڈ پیرول شاہد اقبال نے جیل لٹریسی پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں