گلگت بلتستان میں 7جون کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے استحکام پاکستان پارٹی کے قائم کردہ 20رکنی انتخابی بورڈ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی صدرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان کی24نشستوں کے انتخاب کے لئے استحکام پاکستان پارٹی کی حکمت عملی طے کی گئی اور پہلے مرحلے میں 9نشستوں پر پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق مولانا سلطان رئیس، فتح اللہ خان، کیپٹن (ر) شفیع اللہ خان، ایمان شاہ اور راجہ جلال حسین کے نام فائنل کر دیے گئے ہیں جبکہ شمس الحق لون، حاجی شاہ بیگ، حاجی گلبر خان،اور خان اکبر خان کو بھی استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ملیں گے۔ آئندہ چند روز میں پارٹی کا انتخابی بورڈ گلگت بلتستان کے باقی امیدواروں کا بھی اعلان کر دے گا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اس امر کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے باہمی انتخابی اتحاد کیلئے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ خواتین اور ٹیکنو کریٹس کی 9سیٹوں پر استحکام پاکستان پارٹی جلد اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے گی۔صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں اُن کی جماعت بھرپور حصہ لے رہی ہے، آئی پی پی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینئر قائدین و پارٹی ممبرا ن آئندہ ہفتے گلگت بلتستان کا انتخابی دورہ کرینگے۔
پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی صدارت میں ہونے والے انتخابی بورڈ کے اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کی سینئر قیادت نے اب تک کی انتخابی صورتحال پر بریفنگ دی۔اراکین قومی اسمبلی عون چوہدری اور گل اصغر بگھور نے ویڈیو لنک پر شرکت کی جبکہ ایم این اے منزہ حسن بورڈ اجلاس میں شریک ہوئیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ اور صدر لاہور ملک زمان نصیب بھی انتخابی بورڈ کے اجلاس میں موجود تھے۔ صوبہ کے پی کے سے جی جی جمال، جنوبی پنجاب سے سید رفاقت علی گیلانی، سینٹر ل پنجاب سے مامون جعفر تارڑ اور یاور کمال جبکہ گلگت بلتستان سے حاجی گلبر خان، راجہ جلال، شمس الحق لون اور فتح اللہ خان انتخابی بورڈ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے مختلف پہلوؤں سے اپنی رائے کا اظہار کیا اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ 7جون کے گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کو بھرپور کامیابی حاصل ہوگی۔
28