44

اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں الوداعی و استقبالیہ تقریب؛ بیرسٹر امجد ملک کا سابقہ کمشنر ثمن رائے کو خراجِ تحسین

لاہور(میاں عصمت سے) صوبائی وزیر و وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب، بیرسٹر امجد ملک کی زیر صدارت کمیشن کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابقہ کمشنر میڈم ثمن رائے اور رخصت ہونے والے افسر سہیل ظفر کو الوداع کیا گیا، جبکہ نئی تعینات ہونے والی کمشنر او پی سی پنجاب عمیرہ اکرام کو باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا گیا۔ تقریب کے دوران نئے تعینات ہونے والے افسران، ڈائریکٹر لیگل عقیل احمد خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروسیکیوشن ندیم عامر کو بھی خوش آمدید کہا گیا اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے سابقہ کمشنر ثمن رائے اور سہیل ظفر کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے بروقت حل اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے رخصت ہونے والے افسران کے لیے مستقبل میں کامیابیوں کی دعا کی۔انہوں نے نئی کمشنر عمیرہ اکرام، ڈائریکٹر لیگل عقیل احمد خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروسیکیوشن ندیم عامر کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ٹیم اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تجربے اور قیادت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش قانونی و انتظامی مسائل کے حل اور کمیشن کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور متحرک بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے نئے افسران کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔تقریب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے سینئر افسران، عملے اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت، ان کے مسائل کے فوری حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں