61

صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کا لاہور پریس کلب کا دورہ، صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کا اعلان

لاہور( میاں عصمت سے ) لاہور پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی اقدامات بروئے کار لانے کا اعلان کردیاگیا

۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا۔ لاہورپریس کلب صدر ارشد انصاری ، جنرل سیکرٹری افضال طالب اور ممبرگورننگ باڈی سجاد کاظمی نے انھیں کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ایک بہترین انسان اور میرے بڑے بھائی ہیں ، صحافیوں کوچھتوں کی فراہمی کے لئے بلاامتیاز وتفریق جتنے اقدامات انھوں نے کئے ہیں وہ قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے

اس موقع پر صحافی برادری کے لیے کلینک آن ویلز سروس کا افتتاح بھی کیا ۔ انھوںنے میڈیاسے گفتگوکرتے

ہوئے کہاکہ صحافی برادری کے لیے انسولین اور ادویات کی گھروں تک فراہمی کے لئے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے،

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں، ان کی صحت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہاکہ صحافی کالونی میں دو عدد مریم نواز کلینک بنائے جائیں گے۔ انھوں نے بتایاکہ میڈیکل کلینک کی بلڈنگ کی تعمیر کے لئے جگہ کے تعین کے لئے جلد صحافی کالونی کا دورہ کیاجائے گا جس کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کے بعد جدید میڈیکل مشینری نصب کی جائے گی جہاں جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے مزید بتایاکہ انسولین ہوم ڈلیوری پروگرام سے مستحق اور رجسٹرڈ صحافیوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گااور صحافیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے محکمہ صحت ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ان کا کہناتھاکہ کلینک آن ویلز کے ذریعے صحافی برادری کو مفت طبی معائنہ، ادویات اور بنیادی تشخیصی سہولیات میسر آئیں گی جبکہ صحافیوں کی فلاح کے لیے لاہور پریس کلب کے ساتھ مل کر مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ میڈیا ورکرز کی صحت اور بہبود کے لیے خصوصی پروگرامز متعارف کروا رہے ہیں، حکومت پنجاب صحافی برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،ان کی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، پر یس کلب میں قائم ڈسپنسری کی آپ گریڈیشن اور ادویات کی فراہمی کےلئے بھی بھر پور کردارادا کریں گے ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے حکومت پنجاب کی جانب سے صحافیوں کوصحت کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیرصحت وآبادی خواجہ عمران نذیر ہمارے بھائی ہیں ، یہ صحافیوں کادرد اپنے دل میں رکھنے والے ہیں اور ان کی زیرنگرانی حکومت پنجاب کی جانب سے صحافیوں کی طبی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بہترین کاوش ہے جس کے لئے ہم ان کے تہ دل سے مشکور ہیں ۔ اس موقع پر لاہورپریس کلب میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ میڈیکل کیمپ میںعلاج معالجے کی بہترین سہولیات بھی فراہم کی گئیں جس میں ممبران اور ان کے اہلخانہ کی بڑی تعدادشریک ہوئی ۔ لاہورپریس کلب کی جانب سے معززمہمان کو پھول بھی پیش کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں