241

خواتین کو نظرانداز کرکے ملک ترقی نہیں کرسکتا، گورنراور وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام

گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا ہے کہ آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور نصف حصہ کو نظر انداز کر کے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ خواتین کو برابر کے شہری کی حیثیت دینے کی غرض سے بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی بھی کی گئی ہے جس میں وراثت کے قانون کے تحت خواتین کو ان کے حصے کی منتقلی کے تحفظ کا قانون بھی شامل ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے کہا کہ جدید عہد کے شعور کے مطابق عورت او رمرد سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ رکھتے ہیں۔ خواتین کی معاشی شرکت اور سیاسی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی و خوشحالی کا حصول ممکن ہی نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ کا پیغام میں کہنا ہے کہ معاشرے کی پسماندگی دور کرنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین کے احترام اور تمام معاملات میں ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کا پورا احترام کرتی ہے، حکومت خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اس حوالے سے محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ کو خواتین کے لئے مخصوص مارکیٹ کے قیام کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملازمتوں میں خواتین کے مختص کوٹہ پر عملدرآمد اور ان کے لئے کام کرنے کے بہتر ماحول کی فراہمی کو یقینی بناکر خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں