سعودی وزیر مملکت برائے امورخارجہ عادل بن احمد الجبیردوروزہ دورے پر اسلام آبادپہنچ گئے ‘وزیراعظم عمران خان ‘وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقاتیں ‘پاکستان کی حمایت کا اعلان‘پاک سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق‘ یورپی یونین نے بھی پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی ‘اس ضمن میں لکسمبرگ کے وزیر خارجہ جین الزلبورن نے خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر مملکت برائے امورخارجہ عادل بن احمد الجبیر نے جمعرات کوپرائم منسٹر آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں‘عادل الجبیرنے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد
شہزادہ محمد بن سلمان کے پیغامات پہنچائے۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور عادل الجبیر کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سلامتی ‘پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور سلطنت سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔