لاہور: لیگی رہنما رانا مبشر اقبال اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لئے احتساب عدالت پہنچ گئے، شہباز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے پر رہائی کی روبکار جاری کی جائے گی۔
ادھر شہباز شریف ضمانت کے بعد آج سب جیل سے رہائی کے منتظر ہیں۔ ذرائع کے مطابق عدالتی حکم پر جیل انتطامیہ آج کاغذی کارروائی مکمل کرے گی، کوٹ لکھپت جیل سے کارروائی مکمل ہونے پر سب جیل کا درجہ ختم ہوگا، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف رہائی کے بعد آج لاہور روانہ ہوں گے۔ شہباز شریف کا ذاتی سکیورٹی عملہ بھی منسٹر انکلیو پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف لاہور میں سب سے پہلے اپنی والدہ سے ملیں گے، اپوزیشن لیڈر لاہور میں اپنے بھائی نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، شہباز شریف سے آج پارٹی رہنماؤں کی بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
یاد رہے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو 10، 10 لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے شہباز شریف 64 دن تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں رہے، اپوزیشن لیڈر کو 6 دسمبر 2018 کو احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوایا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب 5 روز تک کوٹ لکھپت جیل میں رہے، 11 دسمبر کو شہبازشریف قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے اسلام آباد گے، اپوزیشن لیڈر گزشتہ 2 ماہ سے قومی اسمبلی کے اجلاس، پی اے سی کی مٹینگ اور علاج کے لیے اسلام آباد میں مقیم ہے۔ احتساب عدالت نے 2 ماہ کے دوران 6 بار طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئے۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 18 فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔