100

یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نے روسی صدر پر حملے کی تردید کر دی

یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن پر کسی بھی قسم کے ڈرون حملے کی تردید کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرینی صدر نے فن لینڈ کے دورے کے دوران پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے ولادی میر پیوٹن یا ماسکو پر حملہ نہیں کیا، ہمارے پاس اتنے ہتھیار نہیں ہیں ، ہم اپنی سرزمین پر لڑتے ہیں اور ہم اپنے گاؤں اور شہروں کا دفاع کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ روس کے پاس جنگ جاری رکھنے کے لیے مزید کوئی جواز نہیں، حالیہ حملہ واضح طور پر روس کی یوکرین میں بڑے پیمانے پر دہشت گردانہ حملے کی تیاری ہے۔
اس موقع پر انہوں نے نیٹو کی رکنیت کے حوالے سے ایک بار پھر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پہلے ہی نیٹو کے رکن ہیں اور درحقیقت ہم مشترکہ دفاع کی خاطر تعاون کر رہے ہیں‘۔
یاد رہے کہ روس نے گزشتہ روز یوکرین پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے صدر پیوٹن کو مارنے کی ناکام کوشش میں کریملن پر حملہ کیا جس میں وہ محفوظ رہے۔
کریملن قلعہ میں پیوٹن کی رہائش گاہ پر مبینہ حملے میں دو ڈرون استعمال کیے گئے تھے لیکن روسی دفاعی نظام نے انہیں ناکارہ بنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں