کراچی: (ٹیوٹرپاکستان) کراچی سٹاک مارکیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 4 دہشتگردوں نے آج صبح سٹاک مارکیٹ پر دستی بموں سے حملہ کر دیا جبکہ آٹو میٹک ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ تبادلے میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔
سکیورٹی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ کراچی پولیس چیف نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سٹاک مارکیٹ پر دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا جبکہ حملہ کرنے والے چاروں دہشتگردوں کو بروقت کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔
سندھ رینجرز کے جاری بیان کے مطابق تمام دہشتگرد مارے گئے ہیں جس کے بعد سرچ اینڈ کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں کاروبار معمول کے مطابق چل رہا ہے، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار تجارتی لین دین میں مصروف ہیں جبکہ ٹریڈنگ ایک لمحہ بھی معطل نہیں ہوئی۔