192

حضرت محمدﷺ کے نام کیساتھ خاتم النبیین لکھنےکی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی نے بھی حضرت محمدﷺ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین تحریر کرنا اور بولنا لازمی قرار دینے کی قرارداد منظور کر لی جبکہ نصاب ساز اداروں کی حدود متعین کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی قانون سازی پر وزیراعلیٰ، وزیر قانون اور خدیجہ عمر سمیت پارلیمانی لیڈرز کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
سپیکر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ پورا ایوان خراج تحسین کا حق دار ہے، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران رائے حق پارٹی پارلیمانی لیڈر محمد معاویہ نے قرارداد پیش کی جس میں نصاب ساز اداروں کی حدود متعین کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں (ق) لیگ کی رکن خدیجہ عمر فاروقی کے مسودہ قانون پر ہونے والی قانون سازی پر سپیکر، وزیر اعلیٰ پنجاب اور پارلیمانی لیڈز سمیت تمام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نیلم حیات نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کی، جس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ اس حوالے سے قانون سازی کی جائے کہ جہاں جہاں ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا نام مبارک تحریر یا بولا جائے اس کے ساتھ خاتم النبیین تحریر کرنا یا بولنا لازم قرار دیا جائے، یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ، سندھ اسمبلی میں بھی نصابی کتب، سرکاری دستاویزات میں حضرت محمدﷺکے نام کے ساتھ خاتم النبیین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پیش کی تھی جس کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے حمایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں