139

بھارت سے بے تعلق ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کردیا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت سے بے تعلق ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کردیا ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان جلد ہی امن کا گہوارہ بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بلوچستان میں بھارت کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ بھارت سے بے تعلق ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کردیا ہے۔

لاہور کے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے واقعے پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور دھماکے میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے ملزموں کی گرفتاری پر اداروں کو سراہا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کابینہ اجلاس میں ہونے والے دیگر فیصلوں اور بحث سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ ہوئی۔

انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان آج کیمونسٹ پارٹی آف چائنا کے اجلاس میں ورچوئلی شریک ہوں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جولائی تک ملکی ادارے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ اسکردو میں انٹرنیشنل ایئرپوٹ بنارہے ہیں، گلگت سمیت دیگر ایئر پورٹس کو آل ویدر ایئر پورٹس بنایا جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معذور افراد کو جہازوں میں چڑھانے اتارنے سے متعلق وزیراعظم نے تلقین کی کہ اس پر کام کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں کئی سو کنال زمین گرین ایریاز میں منسوخ کی ہیں، اسلام آباد میں گرین ایریا پر سیکڑوں ایکڑ اراضی پر تعمیرات کو ختم کیا ہے۔

وزرا کے پروٹوکولز پر بارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کو رپورٹ آئی ہے کہ کئی حکومتی اکابرین زیادہ پروٹوکول لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام گورنرز اور عہدیداران کو پروٹوکولز میں کمی لانے کا کہا ہے، جس کو گاڑی پر جھنڈا لگانے کی اجازت ہوگی وہی جھنڈا لگا سکے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کو ریگولیٹری باڈی بنادیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سابق فاٹا کے اے کلاس علاقوں میں تھری جی اور فور جی سروس دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بلوچستان پیمرا کونسل آف کمپلینٹ کے ممبران کی منظوری دی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین ای او بی آئی کی تقرری کا معاملہ مؤخر کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں