پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں ہروانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دے، ہمیں اس پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، اب قوم جاگ چکی ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو اب ہر جگہ شکست ہو گی، صرف ایک ہی راستہ ہے، صاف اور شفاف الیکشن، اس الیکشن کمشنر کے نیچے صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہو سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار آدمی نہیں، ان کو نہیں مانتے، ایک مرتبہ ملک میں سیاسی استحکام آجائے تو ملک ترقی کی راہ پر چل پڑے گا، ملک میں سیاسی استحکام صاف اور شفاف الیکشن کے بغیر نہیں آئے گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج میرے ملک کے لیے خوش آئند وقت ہے، جب قوم میں شعور آجاتا ہے اور وہ بیدار ہو جاتی ہے تو اس سے زیادہ ہم خدا کا شکر ادا نہیں کر سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ جب ایک بیرونی سازش کے تحت ہم پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو لوگوں نے کہا کہ امریکی کی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم ایک قوم بن جائیں گے تو ہمارے سارے مسائل حل ہو جائیں گے، یہ لوگوں کو کہتے ہیں کہ پاکستان پر مرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ان کا سب کچھ ملک سے باہر ہے۔