72

شاہ رخ خان کا سالگرہ پر دیپیکا کو ’پٹھان‘ کے نئے پوسٹر کا تحفہ

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی ساتھی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی سالگرہ کے موقع پر اُنہیں فلم ’پٹھان‘ کا نیا پوسٹر بطور تحفہ دیا ہے۔
شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’پٹھان‘ کا ایک نیا پوسٹر شیئر کردیا ہے۔
اس پوسٹر پر دیپیکا پڈوکون فلم’پٹھان‘ میں اپنے کردار کے حساب سےایکشن سے بھرپور روپ دھارے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’دیپیکا پڈوکون، آپ نے خود کو ہر کردار میں اسکرین پر حکمرانی کرنے کے لیے لاجواب طریقے سے نکھارا ہے!‘
اُنہوں نے ساتھی اداکارہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ’مجھے ہمیشہ آپ پر فخر ہے اور میری خواہش ہے کہ آپ اسی طرح نئی بلندیوں کو چھوئیں‘۔
واضح رہے کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون جوکہ آج اپنی37 ویں سالگرہ منارہی ہیں، فلم ’پٹھان‘ کے گانے’بے شرم رنگ‘ میں زعفرانی رنگ کا لباس پہننے پر بھارت میں موجود انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کررہی ہیں۔
البتہ، مختلف تنازعات کا شکار ہونے کے باوجود بھی فلم کی پروڈکشن ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ 10 جنوری کو فلم کا ٹریلر ریلیز کردیا جائےگا۔
فلم کے 3 منٹ سے کم وقت کے ٹریلر میں ایکشن پر توجہ مرکوز رہے گی اور فلم کی کہانی کے پلاٹ کے بارے میں بھی تھوڑا سا اندازہ لگایا جاسکے گا۔
ٹریلر میں شاہ رخ خان کے علاوہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار جان ابراہم بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں