113

بنگلہ دیش کی سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست

بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ2023میں پہلی بار بنگلہ دیش نے سابق چیمپئن سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ کپتان شکیب الحسن نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس طرح سری لنکاکی ٹورنامنٹ میں بدترین کارکردگی کا سلسلہ طویل ہوگیا۔280رنزکا ہدف بنگلہ دیش نے41.1اوورمیں حاصل کرلیا۔ لٹن داس23اور محمود اللہ نے22رنزبنائے۔ نجم الحسین شانتو90اور شکیب الحسن 82 رنزبناکرنمایاں رہے ۔ پیر کو ٹورنامنٹ کے 38ویں میچ میں سری لنکا کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف چارتھ اسالانکاکی شان دار سنچری کے باوجود279رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے ارون جیٹ لی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جہاں اسموگ نے پورے شہر کو لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے چراتھ اسالانکا نے 108 رنز کی اننگز کھیلی انہوں نے 105گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے ان کے علاوہ سدیرا سمارا وکراما 41 اور نسانکا 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نسانکا نے36گیندیں کھیلتے ہوئے آٹھ چوکے مارے۔ڈی سلوا نے 34اور مہیش تھیکشانا نے 22 رنزکی اننگز کھیلی ۔ اوپنر کشال پریرا 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے گئے لیکن 11ویں میں کپتان کشال مینڈس 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سری لنکا کے اینجیلو میتھیوز بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ ہوئے، تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بیٹر کو ٹائم آؤٹ ہونے پر مخالف ٹیم کی اپیل پر آؤٹ دیا گیا۔ سری لنکا کی جانب سے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 78رنز جوڑے گئے، یہاں دنن جیا ڈی سلوا 34 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ مہیش تھیکسانا 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی لیکن انہوں نے80رنز دیئے، شکیب الحسن اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم میں ایک تبدیلی جب کہ سری لنکا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔اس فتح کے بعد بنگلہ دیش ٹیم ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل پر نیٹ رن ریٹ کی بدولت ساتویں نمبر پر آگئی ہے۔ جبکہ سری لنکن ٹیم کا نمبر آٹھ ہے۔ دونوں کے چار، چار پوائنٹس ہیں۔ نیدر لینڈز کے بھی چار پوائنٹس ہیں۔ انگلش ٹیم صرف پوائنٹس حاصل کرسکی ہے۔ ان ٹیموں میں اب چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے خالی دو نشستوں کیلئے مقابلہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں