لاہور کے علاقے مناواں، سلامت پورہ میں بارش کی وجہ سے ایک عمارت کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
لاہور کے علاقے مناواں میں بارش کے باعث زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مناواں کے علاقے گنجے سندھو میں چند نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے، بارش ہوئی تو انہوں نے بھیگنے سے بچنے کے لیے زیرِ تعمیر فیکٹری کی دیوار کے ساتھ بیٹھ کر پناہ لی، اسی دوران اچانک دیوار ان پر جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق دیوار کے ملبے تلے 6 افراد دب گئے، ملبہ ہٹایا گیا تو 3 افراد زندگی کی بازی ہار چکے تھے، 3 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اور شخص دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ساجد، سجاول، ریحان اور علی شامل ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق چاروں نوجوانوں کی موت سر پر اینٹیں لگنے سے ہوئی، پولیس نے اسے اتفاقی حادثہ قرار دے کر لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں، جبکہ اسپتال میں زیر علاج دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
کرکٹ کھیلنے کے لیے جانے والے چاروں نوجوانوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا، متوفیوں کی مائیں اور بہنیں لاشوں سے لپٹ کر آہ و بکا کرتی رہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ کل سے جاری ہے، شہر میں اچانک چھا جانے والے کالے بادل آج بھی خوب برسے، بارش سے متعدد نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا، شہر میں سب سے زیادہ بارش تاجپورہ کے علاقے میں 78 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
بارش سے متعدد نشیبی علاقوں تاجپورہ، گلشنِ راوی، چوک ناخدا، مصری شاہ، مغل پورہ، لارنس روڈ، حبیب اللّٰہ روڈ پر گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہو گیا۔
ایم ڈی واسا زاہد عزیز کے مطابق 3 گھنٹوں کے آپریشن میں نشیبی علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کل بھی بارش کا امکان ہے، بارش سے شہر میں گرمی کی شدت 42 سے کم ہوکر 39 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گئی ہے۔