لاہور(ٹیوٹر پاکستان) سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے اور پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ڈے کیئر سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور ڈے کیئر سنٹرز کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مراکز کے قیام سے کام کرنے والی خواتین اور طالبات کو اپنے بچوں کی دیکھ بھال میں آسانی ملے گی، جس سے وہ اپنی پیشہ ورانہ اور تعلیمی ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھا سکیں گی۔
پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈے کیئر سنٹر نہ صرف ایک سہولت ہے بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک مثبت قدم بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے مزید مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈے کیئر سنٹر کے قیام سے ادارے میں زیر تعلیم اور ملازمت کرنے والی خواتین کے لیے ایک بڑا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خواتین کی فلاح کے لیے ایسے منصوبے جاری رہیں گے
47