اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے انسانی خدمت، سماجی بہبود، تھیلیسیمیا کی روک تھام اور مریض بچوں کی فلاح کیلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سندس فاؤنڈیشن کے بانی و صدر محمد یاسین خان کو ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریبِ اعزازات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات کو بھی قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر محمد یاسین

خان کو گزشتہ چار دہائیوں سے تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا بچوں کیلئے انجام دی جانے والی بے لوث خدمات پر ستارۂ امتیاز تفویض کیا گیا۔
محمد یاسین خان نے سندس فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں ہزاروں مریض بچوں کو مفت خون، ادویات، تشخیصی سہولیات اور علاج کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں سندس فاؤنڈیشن نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں فلاحی مراکز قائم کیے جہاں مستحق مریضوں کو مستقل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یاسین خان نے چالیس سال پر محیط عرصے میں انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھا جو آج بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے 2005 کے ہولناک زلزلے کے دوران متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے مثالی خدمات سرانجام دیں۔ 2010 میں ڈینگی وبا کے دوران دن رات مریضوں کی خدمت، علاج معالجے اور آگاہی مہمات میں سرگرم رہے۔ اسی طرح 2019 میں آنے والی کورونا وبا کے مشکل ترین دنوں میں بھی انہوں نے نہ صرف تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کا ساتھ نبھایا بلکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد اور طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی دن رات ایک کر دیا۔
تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد یاسین خان نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل سندس فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم، رضاکاروں، خون عطیہ کرنے والے مخیر حضرات اور ان تمام افراد کے نام ہے جو دکھی انسانیت کی خدمت کے اس مشن میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز وہ مسکراہٹ ہے جو سندس فاؤنڈیشن میں زیرِ علاج بچوں کے چہروں پر دکھائی دیتی ہے۔ ان بچوں کی دعائیں اور والدین کا اعتماد ہی میری اصل طاقت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تھیلیسیمیا، ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا بچوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سندس فاؤنڈیشن اُن کی امید کا چراغ بن کر ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ہماری پوری ٹیم ان بچوں کو بہتر اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے کیلئے اپنی خدمات مزید جذبے اور پختہ عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔
سماجی و فلاحی حلقوں نے محمد یاسین خان کو ستارۂ امتیاز ملنے کو انسانیت کی خدمت کے اعتراف سے تعبیر کرتے ہوئے اسے فلاحی شعبے کیلئے ایک قابلِ فخر اعزاز قراردیا ہے
56