بھارتی فلم اسٹار ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی ارادھیا بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ اُن کی ساس یعنی امیتابھ بچن کی اہلیہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد اُن دونوں کو ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے کورونا ٹیسٹ کے بعد اُن کے اہل خانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا گیا جس کی رپورٹس کل رات آئی ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی ارادھیا بچن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی کو اسپتال منتقل کردیا گیا یا پھر وہ گھر میں ہی آئسولیٹ ہیں۔