79

روسی ہدایتکار نے ٹام کروز کو شکست دے دی

روسی ہدایتکار کلیم شپینکو نے خلا میں شوٹ کی گئی اپنی فلم کا ٹریلر جاری کرکے ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کو شکست دے دی ہے۔
یہ خبر 2020ء میں سامنے آئی تھی کہ ٹام کروز امریکی خلائی ایجنسی ناسا اور اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر دنیا کی پہلی فلم کی شوٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اسی سال کچھ ماہ بعد روس نے بھی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر فلم کی شوٹنگ کا اعلان کیا۔
اس لیے خلا میں پہلا فلم ساز بننے کی دوڑ میں روسی ہدایت کار کلیم شپینکو نے واضح طور پر ٹام کروز کے پروجیکٹ کو شکست دے دی ہے۔
روسی ہدایت کار نے خلا میں شوٹ کی گئی اپنی فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک خاتون سرجن کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک خلاباز کو بچانے کے لیے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جاتی ہے۔
اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے روسی اداکارہ یولیا پیریسالڈ کا انتخاب کیا گیا تھا۔
البتہ، ٹام کروز کی خلا میں فلم کی شوٹنگ کہاں تک پہنچی اس بارے میں ابھی تک کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ یونیورسل پکچرز کی چیئرپرسن ڈیم ڈونا لینگلی نے 2022ء میں تصدیق کی تھی کہ ہم ٹام کروز کے ساتھ ایک بہت بڑا پروجیکٹ کرنے جا رہے ہیں، جس میں وہ خلائی اسٹیشن پر راکٹ لے جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا تھا کہ امید ہے کہ اس پراجیکٹ کے بعد ٹام کروز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے باہر چہل قدمی کرنے والے پہلے عام شہری بن جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں