69

ماہرہ خان جلد ہمایوں سعید کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بہت جلد معروف اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ ایک بار پھر اسکرین پر نظر آئیں گی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ دنوں ماہرہ خان نے آسک ماہرہ کا ایک سیشن رکھا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو ان کے سوالوں کے جوابات دیئے۔
ان کے ایک مداح نےان سے پوچھا کہ ہم آپ کو اور ہمایوں سعید کو ایک ساتھ کب دیکھ سکیں گے؟۔
جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے ہمایوں سعید کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’امید کرتی ہوں بہت جلد ، کیوں ہمایوں؟‘۔
اس پر ہمایوں سعید نے تصدیق کرتے ہوئےجواب دیا کہ ’ہاں بہت جلد، فلم کا نام بھی بتا دوں؟‘
اس ٹوئٹ کے وائرل ہوتے ہی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مداح بے صبری سے ان دونوں اداکاروں کے نئے پروجیکٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ہدایتکار ندیم بیگ کی نئی ڈرامائی فلم ’ آج رنگ ہے‘ میں ایک بار پھر ساتھ نظر آئیں گےجس کی کہانی زنجبیل عاصم شاہ نے لکھی ہے۔
ہمایوں سعید کے ماضی میں ثمینہ پیرزادہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے مطابق آج رنگ ہے، کی کہانی بھارتی فلم ’رام لیلا‘ کی طرز پر ہوگی جس کا پس منظر جاگیردارانہ نظام کی پیروی کرے گا۔
تاہم اس پروجیکٹ کے حوالے سے مزید معلومات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی جوڑی کو فلم ’بن روئے‘ میں ایک ساتھ دیکھا اور پسند کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں