انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے 45ویں اور گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی۔
بنگلورو میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور نیدرلینڈز کو جیت کےلیے 411 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 250 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈز کے تیجا ندامنورو 54 اور سائبرانڈ 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کولن ایکرمین 35 اور میکس او ڈوڈ نے 30 رنز بنائے۔
بھارتی بولرز محمد سراج، جسپریت بمرا، کلدیب یادیو اور رویندرا جدیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ایک ایک آؤٹ کیا۔اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹ پر 410 رنز بنائے تھے، بھارتی اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور اس کے دونوں بیٹرز نے نصف سنچری اسکور کی۔
ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شبمن گل تھے جو 100 کے مجموعے پر 4 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی اگلی وکٹ 129 کے اسکور پر اس وقت گری جب بھارتی کپتان روہیت شرما 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔