174

ٹھمری روایت، ارتقا اور جمالیات‘‘ پر علمی و موسیقیاتی سیمینار کا انعقاد آج لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں6 بجے ہوگا۔

لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور عین ادب کے اشتراک سے
ٹھمری روایت، ارتقا اور جمالیات‘‘ پر علمی و موسیقیاتی سیمینار کا انعقاد آج لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں6 بجے ہوگا۔


لاہور آرٹس کونسل الحمرا اور عین ادب کے اشتراک سے کلاسیکی موسیقی کی نہایت دلکش اور لطیف صنف ’’ٹھمری‘‘ کے فکری، فنی اور جمالیاتی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بھرپور اور بامقصد سیمینار منعقد ہونے والا ہے۔ اس علمی و ثقافتی نشست میں ٹھمری کی تاریخ، اس کی ابتدا، ارتقائی مراحل، فنی ساخت اور اس کے مختلف اسالیب پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔
تقریب میں چیف گیسٹ محترمہ طاہرہ اسید شرکت کریں گی، جب کہ سپیشل گیسٹ معروف دانشور پرویز پارس بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ دونوں معزز مہمان اس نوعیت کی سنجیدہ اور تحقیقی سرگرمیوں کو موسیقی کے فروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے نہایت اہم قرار دیں گے۔
سیمینار میں ایلے عدنان ٹھمری پر جامع لیکچر دیں گے، جس میں ٹھمری کی ابتدا، اس کا ہندوستانی سنگیت میں مقام، اس کی رومانی کیفیت، لطیف جذباتی اظہار، نرم لے اور گہرے احساسات پر مبنی ساخت پر روشنی ڈالی جائے گی۔ وہ ٹھمری کے ارتقا، دھرپد اور خیال سے تعلق اور وقت کے ساتھ اس میں شامل ہونے والے نئے فنی عناصر کی بھی وضاحت کریں گے۔
ریڈنگ سیشن میں علی مظہر اور عثمان قریشی منتخب متون پیش کریں گے، جن میں ٹھمری کے شعری حسن، نسائی احساس، عشق اور جمالیات کے موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا۔ ان قرأتوں سے سامعین کو ٹھمری کے فکری اور ادبی پس منظر سے گہری واقفیت حاصل ہوگی۔
ڈیمانسٹریشن اور پرفارمنس سیشن میں غیور معین قوال اپنے ہمنواؤں کے ہمراہ ٹھمری کی عملی پیشکش کریں گے، جس میں انسٹرومنٹل ٹھمری، کتھک اور ٹھمری کے باہمی ربط، مختلف اسالیبِ ٹھمری اور اس سے وابستہ دیگر موسیقیائی اصناف کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا جائے گا۔ اس عملی مظاہرے سے سامعین کو ٹھمری کے فنی اسرار و رموز کو براہِ راست سمجھنے کا موقع ملے گا۔
اس سیمینار کے دوران ہونے والی بحث کا حاصل یہ ہوگا کہ ٹھمری محض ایک موسیقیائی صنف نہیں بلکہ ایک مکمل تہذیبی اظہار ہے، جو برصغیر کی ثقافتی تاریخ، جذباتی لطافت اور فنی نزاکت کی نمائندہ ہے۔ شرکاء اس بات پر بھی متفق ہوں گے کہ ٹھمری جیسے کلاسیکی ورثے کو جدید نسل تک منتقل کرنے کے لیے اس نوعیت کے علمی، عملی اور تربیتی پروگرام ناگزیر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مقررین، فنکاروں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا جائے گا اور اس عزم کا اظہار کیا جائے گا کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا آئندہ بھی کلاسیکی موسیقی اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایسے معیاری پروگرام منعقد کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں