کراچی کے علاقے گلشن جمال میں پولیس مقابلے کے دوران 3 ملزمان ہلاک ہوگئےجبکہ چوتھا فرار ہو گیا، پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
شارہ فیصل تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر صفدر مشوانی کے مطابق تھانے کی پولیس پارٹی گلشن جمال میں معمول کے گشت پر تھی کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان علاقے میں لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھے گئے۔
پولیس کے مطابق پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا تو انہوں نے گلشن جمال کے مین بازار میں گل پارک کے قریب فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے3 ملزمان زخمی ہوئے جبکہ چوتھا فرار ہوگیا۔
زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال روانہ کیا گیا تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہاں پہنچنے تک تینوں کی موت واقع ہوچکی تھی۔
ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کی شناخت نہیں ہوسکی، ملزمان کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں تین پستول اور لوٹا گیا سامان جن میں موبائل فون بھی شامل ہیں برآمد ہوئے ہیں۔
غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزمان کی لاشوں کی شناخت ان شہریوں سے کرائی جائے گی جو اس علاقے میں وارداتوں کا نشانہ بنے۔