کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار کیفی خلیل کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جگہ خطرناک نہیں ہوتی بلکہ لوگ خطرناک ہوتے ہیں اور ایسے لوگ کسی بھی جگہ پائے جاسکتے ہیں۔
کیفی خلیل نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی رہائشی علاقے لیاری کے بارے میں بات کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں تو مجھے لیاری کے بارے میں یہ سننے کو ملتا ہے کہ وہ ایک خطرناک جگہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں لیاری سے متعلق اس طرح کی منفی رائے رکھنے والے لوگوں کو یہ بتانا چاہوں گا کہ ان کا تاثر غلط ہے۔
کیفی خلیل نے کہا کہ جگہ خطرناک نہیں ہوتی ہے، لوگ خطرناک ہوتے ہیں اور ایسے لوگ آپ کو کہیں بھی مل سکتے ہیں۔
اُنہوں نے لیاری کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ لیاری ایک ایسی جگہ ہے جہاں فن اور کھیلوں کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے علاقے کے لوگ بطور گلوکار مجھے بہت عزت دیتے ہیں اُن لوگوں اچھا لگتا ہے کہ میں ایک گلوکار ہوں اور ان کے علاقے میں رہتا ہوں۔
واضح ہے کہ کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے’کنایاری‘ کے بول لیاری کے رہائشی گلوکار کیفی خلیل اور گلوکارہ ایوا بی نے لکھے تھے اور اس گانے کو بلوچستان کے گلوکار عبدالواہاب بگٹی کے ساتھ مل کر گایا۔
اس گانے کو پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں موسیقی کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔
حال ہی میں کیفی خلیل نے اپنا ایک اور گانا ’کہانی سنو‘ ریلیز کیا ہے اور اسے بھی مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔
80