59

گرین اسٹار اور حکومتِ پنجاب کا خواتین کے لیے صحت و خود روزگاری پروگرام کی پیشِ رفت تقریب

گرین اسٹار سوشل مارکیٹنگ پاکستان نے حکومتِ پنجاب کے اشتراک اور جرمن ترقیاتی بینک (KfW) کے تعاون سے “نجی صحت کے شعبے میں خواتین کی خود روزگاری، پنجاب” کے عنوان سے ایک اہم پروگرام کی تکمیلی و پیش رفت تقریب منعقد کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے صحت و آبادی کی کوآرڈینیٹر، محترمہ سائرہ افضل تارڑ تھیں، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب ڈاکٹر خالد محمود اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی نے بطور مہمانانِ اعزاز شرکت کی۔

یہ پروگرام پنجاب کے 14 اضلاع میں محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے قریبی تعاون سے نافذ کیا گیا، جس کے تحت خواتین کے زیرِ انتظام نجی کلینکس کو سرکاری صحت کے نظام سے ہم آہنگ کیا گیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد اہل اور تربیت یافتہ خواتین صحت فراہم کنندگان کو بااختیار بناتے ہوئے انہیں نجی کلینکس کے قیام اور پائیداری میں معاونت فراہم کرنا تھا، تاکہ وہ بنیادی صحت، ماں اور بچے کی صحت (MNCH) اور خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات کمیونٹی کی سطح پر فراہم کر سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کا وژن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنا کر انہیں معاشی دھارے میں شامل کیا جائے اور یونین کونسل کی سطح تک صحت اور تعلیم کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے جرمن حکومت کے تعاون سے KfW اور گرین اسٹار کے اشتراک سے جاری اس منصوبے کو ایک مؤثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف بنیادی صحت اور ماں و بچے کی صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ تربیت یافتہ کمیونٹی مڈوائفز کے لیے باعزت خود روزگاری کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں، جس سے غیر تربیت یافتہ دائیوں پر انحصار کم ہوا اور قیمتی جانوں کے تحفظ میں مدد ملی۔ انہوں نے جرمن حکومت اور گرین اسٹار کو اس کامیاب منصوبے کی تکمیل اور پسماندہ علاقوں تک معیاری صحت کی سہولیات پہنچانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر سید علی مہدی، ڈی جی ہیلتھ اینڈ پاپولیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ترقی اور صحت کے شعبے میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، اور یہ پروگرام حکومتی کوششوں کو مضبوط بناتے ہوئے دور دراز اور کم سہولیات یافتہ علاقوں تک بنیادی صحت اور MNCH خدمات کی رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی صحت کے اداروں کے ساتھ گرین اسٹار کے قریبی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک جانب تربیت یافتہ خواتین صحت کارکنوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے، تو دوسری جانب کمیونٹی کی سطح پر صحت کی بنیادی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کرتا ہے۔

یہ پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر اشتراک عمل کے ذریعے نہ صرف صحت کے بنیادی نظام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے بلکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر صوبہ پنجاب میں صحت کے مجموعی نتائج کو بھی دیرپا بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں