پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ اگر محمدنوازشریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
شہبازشریف کا اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات کو نظرانداز کرنے کی مذمت اور احتجاج ۔
شہبازشریف کا کہنا ہے کہ محمد نوازشریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس دینے سے انکار کی خبر عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا واضح ثبوت ہے ۔محمد نوازشریف کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں جان بوجھ کر حکومتی لاپراوہی اور غفلت کا رویہ مجرمانہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 2 سرکاری اسپتالوں کا امراض قلب کی مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام کی تازہ مثال ہے.
سیاسی مخالفت پر صحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے ۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت محمد نوازشریف کی ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو علاج کی مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے خدشات پر فوری توجہ دے۔
باربار آگاہ کرنے کے باوجود علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنا حکومتی بدنیتی اور خطرناک عزائم کو ظاہر کرتا ہے ۔
محمد نوازشریف کے فزیشن ڈاکٹر محمد عدنان نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر صورتحال پرایک بارپھر تشویش سے آگاہ کیا ہے ۔
ڈاکٹر عدنان کے مطابق محمد نوازشریف کو چوبیس گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جارہی ہے ۔
ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ محمد نوازشریف کو قلب، ذیابیطس، گردوں کے علاوہ متعددامراض کا سامنا ہے، علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ حکومتی میڈیکل بورڈز میں شامل ڈاکٹرز بھی ان کے لئے علاج معالجے کی ضروریات کی واضح نشاندہی کرچکے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ خدانخواستہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں وینٹی لیٹر اور دیگر ضروری مشینیں دستیاب نہ ہوں تو ایسی ایمبولنس کا کیا فائدہ؟