232

8 محرم کی رات سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی،کراچی سمیت مختلف شہروں کی فضائی نگرانی کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے عام انتخابات کے دوران استعمال ہونے والے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور 8محرم الحرام کی رات سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی منظوری دی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی جائے اور اس کے علاوہ پاک فوج 52 کمپنیاں کو بھی ریزرو میں تیار رکھا جائے تاکہ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طلب کیا جا سکے۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز شاہ، صوبائی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری، انسپکٹر جنرل پولیس سندھ ڈاکٹر کلیم امام، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام بنی میمن، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی) کامران فضل، ایڈیشنل آئی جی (اسپیشل برانچ) عمران منہاس، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکٹر کمانڈر ز آف انٹلیجنس ایجنسیز، صوبائی سربراہ انٹیلیجنس بیورو، کرنل محمد ناصر آف 5 کورپس، کرنل فیصل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران صوبہ سندھ میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی سیاسی عزم، قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس ، رینجرز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی سخت محنت اور قربانیوں کی بدولت شہر میں امن و امان کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے شہر میں ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ہمیں بہت کچھ کرنا ہے اور ہم شہر میں قانون شکن کے خاتمے تک اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کا جلوس ایم اے جناح روڈ سے نمائش چورنگی تا تبت سینٹر جاری ترقیاتی کام کے باعث کچھ طویل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم کی جلوس کی سکیورٹی کیلئے 7700 رینجرز اہلکار تعینات کیئے جائیں گے۔ آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 2015 امام بارگاہیں ہیں جن میں حیدرآباد ڈویژن میں 590 ، لاڑکانہ ڈویژن میں 464 ، سکھر ڈویژن میں 374 ، کراچی ڈویژن میں 342 ، میرپورخاص ڈویژن میں 138 اور شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 107 شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے سندھ میں 15971 مجالس ہوتی ہیں جن میں سے 1408 انتہائی حساس اور 5199 حساس ہیں۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ 71485 پولیس اہلکار اور لیڈی پولیس اہلکار صوبہ بھر میں محرم الحرام کے دوران فرائض سرانجام دیں گےآئی جی پولیس نے اجلاس کو بتایا کہ 8 محرم سے کراچی ڈویژن کے 21 مختلف مقامات، حیدرآباد ڈویژن کے 6، شہید بینظیرآباد میں ایک ، سکھر ڈویژن میں 7ا ور لاڑکانہ ڈویژن میں 5 مقامات کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ 93 موبائل فون جیمرز بھی سندھ بھر میں نصب کئے جائیں گے ۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اجلاس کو کراچی میں سکیورٹی پلان کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 9 محرم الحرام کا جلوس دوپہر 12 بجے نشتر پارک سے شروع ہوگا۔ اس کا راستہ نشتر پارک، گرو مندر ، نیو ایم اے جناح روڈ اور نماز ظہرین کی ادائیگی مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ پر ادا کی جائے گی۔10 محرم الحرام کے جلوس کے بارے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ یہ نشترک پارک سے شروع ہوگا۔ راستہ وہی ہوگا لیکن نماز ظہریں کی ادائیگی سہ پہر ڈیڑھ بجے تبت سنٹر پر ادا کی جائے گی۔ کمشنر کراچی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن کمیٹی تشکیل دی ہے جو ڈپٹی کمشنرز سے اجلاس کر رہی ہے اور انہوں نے انکے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی استرکاری کا کام، پانی و بجلی کی فراہمی کے حوالے سے پہلے ہی ہدایت دی جا چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں